ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / تمام طبقات کے مسائل حل کئے جائیں گے۔ راہل جن آشیرواد یاترا کی اختتامی تقریب میں عوام اور پارٹی کارکنوں سے خطاب

تمام طبقات کے مسائل حل کئے جائیں گے۔ راہل جن آشیرواد یاترا کی اختتامی تقریب میں عوام اور پارٹی کارکنوں سے خطاب

Mon, 09 Apr 2018 10:57:47    S.O. News Service

بنگلورو، 8؍اپریل (ایس او نیوز) اے آئی سی سی صدر راہل گاندھی نے آج ریاستی عوام کو یقین دلایا کہ تمام طبقات کے مسائل یکسوئی کے ساتھ حل کئے جائیں گے اور انہیں تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے وعدے کو انتخابی منشور میں لاکر کانگریس’’جو کہتے ہیں اس کو کردکھائیں‘‘کے بسونا کے اصول پر عمل کرے گی۔ شہر کے پیالیس گراؤنڈ میں جن آشیرواد یاترا کی اختتامی تقریب میں بڑی تعداد میں جمع پارٹی کارکنوں اور عوام سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس صدر راہل گاندھی نے کہا کہ گزشتہ تین ماہ کے ریاستی دورہ کے دوران انہیں مختلف طبقات کے لوگوں سے ملاقاتیں کرنے اور ان کے مسائل سننے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سدارامیا کی زیر قیادت کانگریس حکومت کے عوامی مفادات کے کامیاب پروگراموں سے ریاستی عوام خوش ہے۔اس سے صاف پتہ چلتا ہے کہ ریاست میں کانگریس کی لہر زیادہ ہے اور پارٹی کرناٹک میں دوبارہ برسراقتدار آئے گی۔ راہل نے کہا کہ وزیراعظم اپنی من کی بات عوام کو سناتے ہیں لیکن کانگریس عوام کی بات سن کر حکومت چلائے گی اور سبھی کو ساتھ لے کر آگے بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں ہر مذہب اور ہر زبان کے بولنے والوں کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے ان کی فلاح وبہبود کو کانگریس اولین ترجیح دے گی۔ کانگریس صدر نے فرقہ پرست بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ صرف عوام کے درمیان تفریق پیدا کرکے نفرتوں کا بیج بونے کا کام کررہی ہے۔ ایسی فرقہ پرست پارٹی کو ریاستی عوام ہرگز پسند کرنے والی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور اس کی معاونین جماعتیں کرناٹک میں فسادات برپا کرتے ہوئے ذات پات کے نام پر ووٹ حاصل کرنے کا حربہ استعمال کرنے لگی ہیں لیکن یہ ناممکن ہے۔ بی جے پی صدر امیت شاہ کے اس بیان پر کہ تمام اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈرس جانور ہیں کا کرارا جواب دیتے ہوئے کانگریس صدر راہل گاندھی نے کہا کہ امیت شاہ اس بیان سے کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں اس کی وضاحت کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں کوئی لیڈر یا کارکن اس طرح کی بات ہرگز نہیں کرے گا۔ راہل نے کہا کہ وزیراعلیٰ سدارامیا نے بنگلور شہر کی مجموعی ترقی کے لئے10؍ہزار کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔ ریاست میں کوئی بھی غریب بھوکا پیٹ نہ سوئے اس کے لئے جہاں اندرا کینٹین شروع کی گئی ہیں وہیں ہر ایک کو انا بھاگیہ اسکیم کے تحت7؍کلو چاول تقسیم کئے جارہے ہیں، جس سے غریب خوش ہے اور چین کی نیند سورہاہے۔وزیراعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ مودی دلتوں اور آدھی والیوں کی باتیں توکرتے ہیں لیکن روہت فیمولا قتل کے معاملہ میں اترپردیش میں دلتوں کا قتل اور ان پر ہورہے مظالم پر خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت دلتوں کے لئے جتنافنڈ مختص ہوتاہے اس میں سے آدھا فنڈ کرناٹک کی کانگریس حکومت دلتوں کی فلاح وبہبودی کے لئے مختص رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم رشوت خوری اور بدعنوانیوں کے خاتمے کی بات کرتے ہیں، انہیں نیرو مودی، رافیل ہوائی جہاز کا معاہدہ، امیت شاہ کے فرزند کا معاملہ، گجرات پٹرولیم گھوٹالہ اور ایڈی یورپا کے رشوت خوری معاملہ کو بھی عوام کے سامنے پیش کرناچاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز نے ریاست کے سوکھا زدہ علاقوں کے لئے فنڈ جاری کرنے میں ناکام رہی جتنے فنڈ کی ضرورت بتائی گئی تھی۔ اس سے کافی کم فنڈ جاری کیاگیا۔ ریاست کے پریشان کسانوں کے قرضہ جات کو معاف کرنے کے بات کہی تو صرف10؍دن کے اندر8ہزار کروڑ روپیوں کا قرضہ معاف کردیا۔ لیکن وزیراعظم نے کسانوں کاقرضہ معاف کرنے کے بجائے اپنے ساتھی صنعت کاروں کا دو لاکھ30ہزار کروڑ روپیوں کا قرضہ معاف کرنے میں اپنی دلچسپی دکھائی ہے۔راہل گاندھی نے کہا کہ ایر فورس کے لئے کانگریس حوکمت رافیل ہوائی جہاز خریدنے کا کام کرتے ہوئے فی ہوائی جہاز خریدنے کا کام کرتے ہوئے فی ہوائی جہاز760کروڑ میں خریدنے کا معاہدہ کی تھی اور یہ کنٹراکٹر شہر کے ایچ اے ایل کو سونپاگیاتھا۔ انہوں نے بتایا کہ 70سال سے ایچ اے ایل ایر فورس کے لئے ہوائی جہاز تیار کررہاتھا۔ اگر رافیل ہوائی جہاز کا کنٹراکٹ ایچ اے ایل کو دیا جاتاتو شہر میں لاکھوں نوجوانوں کو روزگار فراہم ہوتا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے فرانس کے اپنے دورہ کے دوران، رافیل ہوائی جہاز کے کنٹراکٹ کو تبدیل کردیا۔ ایچ اے ایل چے چھین کر اپنے ساتھی صنعت کار کو کنٹراکٹ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ یو پی اے حکومت نے جہاں فی جہاز760کروڑ میں خریداتھا وہیں مودی حکومت1550 کروڑ میں خریدرہی ہے اور یہ کنٹراکٹ45ہزار کروڑ روپیوں میں وزیراعظم نے اپنے ساتھی صنعت کار کو دے رکھا ہے جس پر 40ہزار کروڑ روپیوں کا قرضہ بھی ہے۔ وزیراعظم نے انہیں تحفہ کے طورپر مذکورہ کنٹراکٹ پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے اس اقدام سے ملک کی عوام اور بالخصوص بنگلور شہر کے نوجوانوں کو نقصان پہنچاہے، وزیراعظم نے شہر کے نوجوانوں سے روزگار چھیناہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز نے شہر میں سب اربن ریلوے پراجکٹ کے لئے صرف100کروڑ روپئے مختص کئے ہیں جبکہ کانگریس نے700کروڑ روپئے مختص کئے تھے۔ راہل نے بتایا کہ بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ہندوستان میں مودی حکومت پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کررہی ہے۔ کانگریس صدر نے کہا کہ گزشتہ6ماہ سے کانگریس کے تمام لیڈران اور کارکنوں نے متحد طورپر فرقہ پرست بی جے پی کے خلاف اپنی لڑائی جاری رکھی ہے اس میں کانگریس کی جیت ہوگی۔ کہا کہ گزشتہ دو ماہ سے کانگریس کی آواز ریاست میں گونج رہی ہے وہیں بی جے پی کے خلاف عوامی لہرزوروں پر دکھائی دے رہی ہے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ سدارامیا، ملیکارجن کھرگے ، ڈاکٹر جی پرمیشور، ڈی کے شیوکمار سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس میں سابق مرکزی وزیر وسینئر کانگریس قائد،ڈاکٹر کے رحمن خان ،ریاستی وزیر آر روشن بیگ، اے آئی سی سی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال،ایم ویرپا موئیلی،ضمیر احمد خان ،آغا سلطان، رشوان ارشد، کانگریس اقلیتی شعبہ کے ریاستی صدر وائی سعید احمد،دنیش گونڈوراؤ کے علاوہ ریاستی وزراء اراکین پارلیمان، اراکین کونسل، بلاک کانگریس صدور کے علاوہ بڑی تعداد میں کارکن موجود تھے۔


Share: